نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹ بال شائقین پر حملوں میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے واقعات میں ملوث 62 افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے جمعرات کی رات یورپا لیگ کے ‘ایجیکس’ اور ‘مکابی تل ابیب’ کلبز کے درمیان میچ کے بعد ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہود مخالف مظاہرین نے تشدد کی منظم منصوبہ بندی کے تحت اسرائیلی فینز کو ٹارگٹ کیا۔ حکام نے شہر میں اضافی فورس تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ یہودی اداروں کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی ہے۔ نیدرلینڈز میں یہودیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اس سے قبل ایمسٹرڈیم کے میئر نے تصادم کے خدشے کے پیشِ نظر فٹ بال گراؤنڈ کے باہر فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کی اجازت نہیں دی تھی۔