Thursday, December 26, 2024
ہومWorldوزیرِ اعظم مودی کا دورۂ یو اے ای، مندر کا افتتاح بھی...

وزیرِ اعظم مودی کا دورۂ یو اے ای، مندر کا افتتاح بھی کریں گے


متحدہ عرب امارات میں پہلے ہندو مندر کے دروازے کھل رہے ہیں۔ جو اس بات کی علامت ہے کہ یہ خلیجی ملک اپنی تارکِ وطن ہندو کمیونٹی کے عقائد کا احترام کرتا ہے۔

یہ مندر اس بات کی بھی علامت ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت اپنے تعلقات میں کتنے قریب آ گئے ہیں۔

اس مندر کے دروازے ایک ایسے موقع پر کھل رہے ہیں جب دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے وزیرِ اعظم اس ملک کا ساتواں دورہ کر رہے ہیں۔ جس سے کاروباری، ثقافتی اور دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارت کے اس دورے میں ابوظہبی میں مشرق وسطیٰ میں پتھر سے بنے پہلے ہندو مندر کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ وہ بدھ کو ایک سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

مشرق وسطیٰ میں تعمیر کیے جانے والے پہلے ہندو مندر کا ایک منظر۔ 12 فروری 2024

بھارت اور متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز ایک تجارتی راہداری کے معاہدے پر دستخط کیے جس کا مقصد یورپ اور مشرق وسطیٰ کے کچھ حصوں کو سمندر اور ریل کے ذریعے بھارت سے جوڑنا ہے۔ اس منصوبے کو امریکہ اور یورپی یونین کی حمایت حاصل ہے۔

اس معاہدے کا اعلان وزیر اعظم نریندرمودی کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کیا گیا۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے سے سابقہ مفاہمت اور تعاون کو فروغ ملے گا اور بھارت اور متحدہ عرب امارات کے تعاون سے علاقائی روابط میں اضافہ ہو گا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کر رہے ہیں۔ 15 جولائی 2023۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کر رہے ہیں۔ 15 جولائی 2023۔

بھارت کو یورپ اور متحدہ عرب سے جوڑنے والی راہداری کا اعلان گزشتہ سال ستمبر میں نئی دہلی میں ہونے والے جی20 سربراہی اجلاس کے موقع پر کیا گیا تھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں اس راہداری کے سلسلے میں بھارت اور متحدہ عرب امارت کے علاوہ کسی بھی ملک کا ذکر نہیں ہے۔

بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی روابط ایک صدی سے زیادہ عرصے پر محیط ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے معاہدے کی تفصیلات پر تبصرہ کرنے کے لیے ای میل کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے نریندر مودی سے ملاقات کی۔

یوٹیوب پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں شیخ محمد نے کہا ہے کہ آپ کے ساتھ ہمارے تعلقات کی وجہ سے ہم بہت زیادہ پرامید ہیں اور ایک ایسے مستقبل کے منتظر ہیں جو ہمارے عزائم سے مطابقت رکھتا ہو۔

تقریباً دس سال قبل وزیر اعظم بننے کے بعد سے نریندر مودی کا اس خلیجی ریاست کا ساتواں دورہ ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی 90 لاکھ کی آبادی میں بھارتی باشندوں کی تعداد کا اندازہ 35 لاکھ ہے جو کسی دوسرے ملک سے تعلق رکھنے والی آبادی کا سب سے بڑا گروپ ہے۔

دونوں ملکوں نے 2022 میں ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد باہمی تجارت کو 100 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچانا تھا۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں