واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن پرائمری میں اپنی صدارتی حریف نکی ہیلی کو ان کی ریاست میں ہی شکست دے دی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے سمانے بتایا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولینا کی سابق گورنر نکی ہیلی کو ریپبلکن پرائمری میں انہی کے ہوم گراو¿نڈ پر عبرتناک شکست سے دوچار کیا ہے جس کے بعد ان کا ریپبلکن صدارتی امیدوار بننا یقینی ہوگیا ہے۔
ساﺅتھ کیرولینا پرائمریز میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 60.1 فیصد ووٹ ملے جبکہ 39.9 فیصد افراد نے نکی ہیلی کی حمایت کی تاہم نکی ہیلی نے شکست کے باوجود صدارتی امیدوار کی دوڑ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
ٹرمپ ساﺅتھ کیرولینا میں نکی ہیلی کے خلاف زبردست کامیابی کے بعد ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے ایک قدم قریب ہیں، انہوں نے اپنے بنیادی حریف کی آبائی ریاست میں 20 پوائنٹس کے فرق سے کامیابی حاصل کی اور یہ ان کی مسلسل چوتھی فتح ہے۔سابق صدر نے جشن مناتے ہوئے اپنے حریف کا کوئی تذکرہ نہیں کیا اور اس کی بجائے نومبر میں ہونے والے عام انتخابات پر اپنی نگاہیں مرکوز کیں۔انہوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن ہمارے ملک کو تباہ کر رہا ہے ، اور ہم اسے یہ کہنے جا رہے ہیں کہ ‘جو باہر نکلو، تمہیں نکال دیا گیا’۔
ٹرمپ نے نتائج کے بعد اپنی پارٹی کے اتحاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا جذبہ کبھی نہیں تھا، میں نے ریپبلکن پارٹی کو اتنا متحد کبھی نہیں دیکھا۔دوسری جانب ہیلی نے اپنی تقریر میں اپنے حریف کو ان کی جیت پر مبارکباد دی۔