منیلا(ڈیلی پاکستان آن لائن)فلپائن میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے بعد گودام میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کا شہر زمبوانگا پٹاخوں کی فیکٹری میں ہونے والے دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹوں کی مسلسل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے فیکٹری سے متصل عمارتوں کو خالی کروالیا۔تاحال فیکٹری میں لگنے والی آگ کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔