ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر منور رانا کے اعزاز میں تعزیتی جلسہ اور دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں مرحوم شاعر کو اردو ادب کے لیے اُن کی بیش بہا خدمات اور قومی اور ملی معاملات میں ان کے نظریاتی اور اصولی موقف پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
جلسہ میں بڑی تعداد میں ہندوستانی تنظیموں کے نمائندگان اور اردو زبان و ادب کے شائقین نے شرکت کی اور مرحوم شاعر کی خدمات کو یاد کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کنگ سعود یونیورسٹی کے پروفیسر اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر سرور حسین نے کہا کہ منور رانا صاحب کی وفات سے اردو زبان و ادب اور ہندوستان کی تہذیب کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ پروفیسر حسین نے کہا کہ منور رانا نے ماں کی عظمت کو اپنی شاعری کے توسط سے جس طرح مقبول کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔