نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب میں ایک شخص نے آن لائن گیمنگ میں لاکھوں روپے ہارنے کے بعد اپنے والد(لکھبیر سنگھ) کو قتل کر دیا اور پولیس تفتیش کے دوران والد کی موت کی جھوٹی کہانی بنا دی کہ انہیں ڈاکوؤں نے قتل کیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ پیارجیت سنگھ نامی شخص نے آن لائن گیمنگ میں 25 لاکھ کی رقم سے محرومی کے بعد اپنے والد کو چاقو کے وار کر کے قتل کیا۔
پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ چھ ستمبر کو پیارجیت سنگھ اپنے والد کو ایک کار میں علاج کے لیے چندی گڑھ لے جا رہے تھے اور اسی دوران انھوں نے مرہ کلاں گاؤں کے قریب اپنے والد کو چاقو کے وار کر کے قتل کیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تشار گپتا کے مطابق ملزم کو ابتدا میں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ چار سے پانچ ڈاکوؤں نے اس کی گاڑی کو گھیر لیا تھا اور اسی دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ان کے والد کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق والد کو مارنے کے بعد بیٹے نے گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی تاکہ قتل کا الزام اس پر نہ آسکے۔
پولیس نے بتایا کہ پیارجیت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے اپنے والد کو کسی ہر طریقے سے گمراہ کیا تاکہ انہیں اس بات کا علم نہ ہو کہ اس نے پیسے جوئے پر لگائے۔ والد کے بار بار رقم کا پوچھنے پر اس نے والد کو قتل کردیا۔آخر کار انھوں نے اپنے والد کو بتایا کہ انھوں نے یہ رقم چندی گڑھ کے ایک کاروبار میں لگائی ہے لیکن پھر بھی والد ان سے اس رقم کا حساب مانگتے رہے جس کے بعد اس نے والد کی قتل کی منصوبہ بندی کی اور انہیں موت کی نیند سلا دیا۔