قابل ذکر ہے کہ ایدی ٹرسٹ پاکستان میں سب سے بڑا فلاحی فاؤنڈیشن ہے۔ یہ غریب، بے گھر، یتیم، سڑک پر رہنے والے اور چھوڑ دیے گئے بچوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ خواتین کو کئی طرح کی مفت یا رعایتی خدمات فراہم کرتا ہے۔ فیصل ایدی کا کہنا ہے کہ شدید گرمی سے کئی لوگ بے حال ہیں جنھیں مدد کی ضرورت ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’حالات فکر انگیز ہیں۔ بڑی تعداد میں اموات ہو رہی ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ کئی لاشیں ان علاقوں سے آئی ہیں جہاں سب سے خراب موسم میں بھی بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔‘‘ ایدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیشتر لاشیں بے گھر لوگوں اور سڑکوں پر نشہ کرنے والوں کی ہیں۔ شدید گرمی ان پر حاوی ہو گئی کیونکہ یہ لوگ اپنا پورا دن کھلے میں اور دھوپ میں ہی گزارتے ہیں۔ ایدی کے مطابق منگل کے روز ہی انھیں مردہ خانہ میں 135 لاشیں ملی تھیں اور پیر کو 128 لاشیں لائی گئی تھیں۔ بیشتر لاشوں کی تو شناخت بھی نہیں ہو پائی کیونکہ انھیں لینے کے لیے کوئی بھی نہیں پہنچا۔