نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے انجینئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل کے واش روم میں مبینہ طور پر ایک خفیہ کیمرہ سامنے آنے کے بعد طلباء نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا، کیمرے سے خفیہ طور پر طالبات کی ویڈیوز بنائی گئیں، جو اسی کالج کے ایک سینئر طالب علم نےلیک اور فروخت کیں، جبکہ اس کے لیپ ٹاپ سےلڑکیوں کی 300 ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔یہ واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے ایس آر گڈلاویلریو انجینئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل میں پیش آیا۔ جس کے بعد طالبات نے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کے ساتھ احتجاج کیا، جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کا وعدہ کیا۔پولیس اور مقامی حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا امکان ہے۔وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش نے ہاسٹل میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کے بارے میں طلباء کی تشویش پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔