Wednesday, December 25, 2024
ہومWorldگرل فرینڈ سے ملاقات کے لیے روس جانے والا امریکی فوجی اہلکار...

گرل فرینڈ سے ملاقات کے لیے روس جانے والا امریکی فوجی اہلکار گرفتار



  • چونیتیس سالہ امریکی فوجی اہلکار جنوبی کوریا میں تعینات تھے جہاں سے وہ واپس اپنے تعیناتی کے مرکز ٹیکساس آ رہے تھے۔
  • اہلکار کو جمعرات کے روز روس کے شہر ولادی وستوک سے حراست میں لیا گیا، ترجمان امریکی فوج
  • اہلکار گورڈن بلیک نے اپنی یونٹ سے روس جانے سے متعلق آگاہ نہیں کیا، حکام
  • بلیک چھٹیوں پر تھے اور انہوں نے جنوبی کوریا سے واپسی اسی مقصد کے لیے کی تھی تاکہ وہ اپنی یونٹ یعنی ٹیکساس میں دوبارہ رپورٹ کر سکیں، حکام
  • روس کی جیلوں میں پہلے ہی کئی امریکی شہری قید ہیں جن میں وال اسٹریٹ جنرل کے رپورٹر ایون گرشکووچ اور کارپوریٹ سیکیورٹی ایگزیکٹو پال ویلن شامل ہیں۔

روس نے گرل فرینڈ سے ملاقات کے لیے آنے والے امریکی فوجی کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ملزم پر گرل فرینڈ سے چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی فوج کی ترجمان سینتھیا اسمتھ نے تصدیق کی ہے کہ 34 سالہ فوجی اہلکار گورڈن بلیک کو جمعرات کے روز روس کے شہر ولادی وستوک سے حراست میں لیا گیا ہے جن پر مجرمانہ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق روس نے اس معاملے سے متعلق امریکہ کو آگاہ کیا جب کہ گورڈن بلیک کو حراست میں لیے جانے سے متعلق ان کے اہلِ خانہ کو بتا دیا گیا ہے۔

امریکی فوجی ترجمان کے مطابق امریکہ کا محکمۂ خارجہ روس میں اپنے فوجی کو کونسلر رسائی فراہم کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پیر کو بتایا کہ گورڈن بلیک جنوبی کوریا میں تعینات تھے جہاں سے وہ واپس اپنے تعیناتی کے مرکز فورٹ کوازوس آ رہے تھے۔

حکام کے مطابق گورڈن بلیک شادی شدہ ہیں اور وہ ریاست ٹیکساس میں فورٹ کوازوس ملٹری بیس آنے کے بجائے اپنی گرل فرینڈ سے ملنے روس چلے گئے۔

حکام کے مطابق گورڈن بلیک کی گرل فرینڈ جنوبی کوریا میں مقیم تھیں جہاں دونوں کے درمیان کسی معاملے پر تنازع ہو گیا تھا جس کے بعد وہ جنوبی کوریا سے چلی گئی تھیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون نے جنوبی کوریا سے کیوں نقل مکانی کی یا انہیں نقل مکانی پر مجبور کیا گیا۔ البتہ کورین حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ گورڈن بلیک نے روس جانے سے متعلق اپنی یونٹ کو آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں وہاں جانے کا کوئی حکم ملا تھا۔

حکام کے مطابق بلیک چھٹیوں پر تھے اور انہوں نے جنوبی کوریا سے واپسی اسی مقصد کے لیے کی تھی تاکہ وہ اپنی یونٹ یعنی ٹیکساس میں دوبارہ رپورٹ کر سکیں۔

‘اے پی’ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی اہلکار کا روس جانا ممنوع تھا۔ البتہ امریکی محکمۂ خارجہ اپنے شہریوں کو روس کے سفر سے گریز کا مشورہ دے چکا ہے۔

روس کی جیلوں میں پہلے ہی کئی امریکی شہری قید ہیں جن میں وال اسٹریٹ جنرل کے رپورٹر ایون گرشکووچ اور کارپوریٹ سیکیورٹی ایگزیکٹو پال ویلن شامل ہیں۔

امریکی حکومت مذکورہ دونوں اشخاص کی حراست کو بے بنیاد قرار دے چکا ہے جب کہ ان کی رہائی کے لیے بات چیت کا عمل جاری ہے۔

روس کی جیلوں میں قید دیگر امریکیوں میں ٹریوس لیک نامی موسیقار بھی شامل ہے جنہیں گزشتہ برس منشیات رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

اسی طرح دوہری شہریت رکھنے والے السو کرماشیوا، کسینیا خوانا سمیت ایک اسکول ٹیچر مارک فوجیل شامل ہیں جنہیں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

(اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔)



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں