ایتھنز(آئی این پی)یونان بھی ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دینے والا ملک بن گیا.
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ہم جنس پرستوں کی آپس میں شادی کو قانونی قرار دینے کا بل منظور کیا، بل کی حمایت میں 300میں سے 176قانون سازوں نے ووٹ ڈالے جبکہ 76اراکین پارلیمنٹ نے اس بل کی مخالفت کی،یونان ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دینے والا پہلا عیسائی آرتھوڈوکس ملک بن گیا ہے اور اس حوالے سے آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ آرچ بشپ ایرونیموس نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ اقدام ملک کی سماجی ہم آہنگی کو خراب کر دے گا۔
دوسری جانب یونانی وزیراعظم مٹسوٹاکس نے قانون کی منظوری پر کہا کہ نیا قانون دلیری سے عدم مساوات کو ختم کر دے گا، جن لوگوں کو نظر انداز کیا جا رہا تھا اب وہ ہمارے ساتھ دیکھے جا سکیں گے، اس نئے قانون نے ہمارے کئی ساتھی شہریوں کی زندگیاں بہتر کر دی ہیں،یونانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس نئے قانون کے حامیوں نے ایتھنز میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں بہت سے حامیوں نے دارالحکومت کے سینٹگما اسکوائر میں بینرز آویزاں کیے اور بائبل میں سے کچھ دعائیں پڑھیں ۔
وزیراعظم مٹسوٹاکس نے ہم جنس پرستوں کی آپس میں شادی کے بل کی حمایت کی تاہم انہیں اس بل کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی سپورٹ بھی لینا پڑی،خیال رہے کہ یورپی یونین میں شامل 27ممالک میں سے 15پہلے ہی ہم جنس پرستوں کی آپس میں شادی کو قانونی حیثیت دے چکے ہیں۔