نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ حکومت کو یوکرین کے خلاف جنگ میں لڑنے کے لیے روسی فوج میں بھرتی کیے گئے 69بھارتی شہریوں کی رہائی کا انتظار ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’aa.com.tr‘ کے مطابق بھارتی وزیر نے لوک سبھا میں اس حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان بھارتی شہریوں کو گمراہ کرکے روسی فوج میں بھرتی کرایا گیا۔ ان شہریوں کو گمراہ کرنے کے الزام میں سی بی آئی نے 19افراد اور ایجنسیوں کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کیے ہیں۔
ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ ’’اب تک 10انسانی سمگلرز کے خلاف ثبوت مل چکے ہیں۔2ملزمان کو 24اپریل کو اور مزید دو کو 7مئی کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔‘‘ وقفہ سوالات میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ’’ہمیں جلد بازی میں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ روسی اس سلسلے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ان بھارتی شہریوں کی رہائی کے لیے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بات کی ہے۔ ‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمیں یہاں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے یا بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم یہاں ان 69افراد کو واپس لانے کے لیے موجود ہیں۔ تاحال روسی فوج میں بھرتی ہونے والے 91افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں سے 8یوکرین کے خلاف جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں اور 14حکومت کی مد د سے بھارت واپس آ چکے ہیں جبکہ 69کی رہائی کا ہمیں انتظار ہے۔‘‘