نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایک معروف کمپنی نے 10 لاکھ تنخواہ کے ساتھ صرف سونے کی جاب آفر کر دی ہے۔
کمپنی کے ملازم کو کچھ نہیں کرنا صرف دن میں 8 گھنٹے تک سونا ہے اور اس کے لیے اسے ماہانہ 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
منفرد اور دلچسپ پیشکش دینے والی یہ بھارت کی ایک معروف کمپنی ویک فٹ ہے جس نے پروفیشنل سلیپ انٹرن پروگرام متعارف کرایا ہے۔ دو ماہ کے اس انٹرن شپ پروگرام میں شریک افراد کو کوئی محنت نہیں کرنا ہوگی بلکہ ہر رات 8 سے 9 گھنٹے کی بھرپور نیند کرنا ہوگی، اس کے علاوہ دن میں 20 منٹ تک نیند (قیلولہ) لینا ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس انٹرن شپ پروگرام کے شرکا کو روزانہ رات کو مقررہ وقت کم از کم 8 گھنٹے کے لیے سونا ہوگا یعنی وہ گھر جیسا آرام کرتے ہوئے لاکھوں روپے کما سکیں گے۔
کمپنی نے اپنے اس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے نیند کے ماہرین کی مدد بھی لی ہے جو ورکشاپس منعقد کریں گے۔
واضح رہے کہ ویک فٹ کمپنی کے اس منفرد انٹرن شپ پروگرام کا مقصد ایسے لوگوں کی تلاش میں ہے جو آرام کو ترجیح دیتے ہیں، خلفشار سے بچتے اور سونے کے وقت کا نظم وضبط برقرار رکھتے ہیں۔