پنٹاگن کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ قدم صدر بائیڈن کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے جو اسرائیل کے تحفظ اور اسے کسی بھی بیلسٹک میزائل حملے سے بچانے کے لیے امریکہ کے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایران-اسرائیل کشیدگی کے درمیان امریکہ نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس نے اسرائیل کی مدد کے لیے اینٹی بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم ‘ٹرمینل ہائی ایلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس” (تھاڈ) بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی اسے آپریٹ کرنے کے لیے 100 ماہر امریکی جوان بھی اسرائیل بھیجے جائیں گے۔ پنٹاگن نے اتوار کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو ‘تھاڈ’ اور فوجی بھیجنے والا ہے۔
پٹناگن امریکہ کا دفاعی دفتر ہے۔ اس کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر ‘تھاڈ’ بیٹریوں کی تعیناتی کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اپریل اور اکتوبر میں اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد فضائی تحفظ کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ وہیں ایران نے پہلے ہی امریکی فوجیوں کو اسرائیل کے باہر رہنے کی وارننگ دی ہے۔
میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ قدم صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘تھاڈ’ بیٹری اسرائیل کی اینٹیگریٹیڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کو بڑھائے گی۔ یہ فیصلہ اسرائیل کا تحفظ کرنے اور ایران کے ذریعہ کسی بھی دیگر بیلسٹک میزائل حملے سے بچانے کے لیے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
بیان میں آگے کہا گیا ہے کہ یہ حال کے مہینوں میں امریکی فوجیوں کے ذریعہ کیے گئے جامع انتظام کا حصہ ہے تاکہ اسرائیل کا تحفظ کرنے اور امریکیوں کو ایران اور ایران سے وابستہ تنظیم ملیشیا کے حملوں سے بچایا جا سکے۔ رائیڈر نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب امریکہ نے اس علاقے میں تھاڈ بیٹری کی تعیناتی کی ہے۔ امریکی صدر نے گزشتہ سال 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد بھی مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں اور علاقے میں مفادات کے تحفظ کے لیے فوج کو تھاڈ بیٹری نصب کرنے کی ہدایت دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔