|
ویب ڈیسک — پاکستان، بھارت، سعودی عرب، روس اور چین سمیت کئی ملکوں کے رہنماؤں نے ایران کے صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدوار ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارک باد دی ہے۔
ایران کی وزارتِ داخلہ نے ہفتے کو مسعود پزشکیان کی انتخابات میں جیت کا اعلان کیا تو اس کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے انہیں مبارک باد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ ایرانی صدارتی انتخاب میں اپنے بھائی کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ علاقائی امن اور استحکام سمیت دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے نو منتخب ایرانی صدر کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے قریبی اور تاریخی تعلقات ہیں اور ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کے روشن مستقبل کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی نومنتخب ایرانی صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں اور خطے کے مفاد کے لیے وہ ایران کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے مسعود پزشکیان کو مبارک کے پیغام میں کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات اور باہمی مفادات کے فروغ کے خواہش مند ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے مسعود پزشکیان کو انتخابی جیت پر مبارک باد دی۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پوٹن نے کہا کہ وہ پُر امید ہیں کہ نو منتخب ایرانی صدر کا دور دو طرفہ تعمیری تعاون پر مبنی ہو گا۔
واضح رہے کہ 69 سالہ مسعود پزشکیان ہارٹ سرجن ہیں جو مغربی ملکوں کے ساتھ تعمیری تعلقات کے حامی ہیں۔ ایران کو عالمی سطح پر تنہائی سے نکالنے کے لیے وہ مغربی ممالک کے ساتھ جوہری معاہدے پر دوبارہ بات چیت کے خواہش مند بھی ہیں۔
ایران میں انٹرنیٹ پر عائد پابندیوں اور خواتین کے ڈریس کوڈ کے نفاذ سے متعلق اخلاقی پولیس کے بھی شدید مخالف ہیں۔
مسعود پزشکیان نے انتخابات جیتنے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ہر کسی کے لیے دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے نومنتخب ایرانی صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ تہران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔
شام کے صدر بشار الاسد نے نومنتخب ایرانی صدر کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ شام اور ایران کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے ساتھ کام کریں گے۔
تاجکستان کے صدر ایمومالی رحمان نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد اور اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ مسعود پزشکیان کو ایران کا نیا صدر منتخب ہونے پر ‘سنجیدہ’ مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ سے لی گئی ہیں۔