اڑیسہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست اڑیسہ میں مردہ سمجھی جانے والی خاتون اپنی چتا کے جلنے سے چند منٹ قبل زندہ ہوگئی۔نجی ٹی وی” جیو نیوز “کے مطابق بھارتی میڈیا نے بتایا کہ یہ واقعہ اڑیسہ کے شہر برہم پور میں یکم فروری کو پیش آیا جہاں 52 سالہ خاتون اپنے گھر میں آگ لگنے سے جھلسنے کے باعث شدید زخمی ہوگئی تھی خاتون کے شوہر انہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لے گئے ۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون غریب خاندان سے ہے جس کا شوہر علاج کروانے کی سکت نہ رکھنے کے باعث اسے گھر لے گیا جہاں وہ کچھ دن تک زندگی اور موت کی کشمکش سے دوچار رہی۔فیملی کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا کہ پیر کے روز خاتون نے اپنی آنکھیں نہیں کھولیں اور ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ سانس بھی نہیں لے رہی تو ہم نے سوچا خاتون مر چکی ہے جس کی وجہ سے ہم نے اپنے خاندان والوں کو موت کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیملی کی جانب سے موت کی تصدیق کیے بغیر اور مرنے والے کا سرٹیفکیٹ بنائے بغیر ہی خاتون کی آخری رسومات ادا کرنے کی تیاریاں کر لی گئیں، خاتون کی چتا کو آگ لگانے کی تیاری آخری مراحل میں ہی تھیں کہ خاتون نے چند منٹ قبل ہی آنکھیں کھول لیں جسے دیکھ کر گھر والے حیران رہ گئے اور انہوں نے فوری طور پر خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا۔