Sunday, January 5, 2025
ہومWorldغزہ میں "فوری جنگ بندی" کے مطالبے کے ایک روز بعد، کاملا...

غزہ میں “فوری جنگ بندی” کے مطالبے کے ایک روز بعد، کاملا ہیرس کی وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی جنگی کابینہ کے رکن سے ملاقات



  • کاملا ہیرس پیر کو اسرائیلی جنگی کابینہ کے اعتدال بسند رکن گینٹز سے ملاقات کر رہی ہیں۔
  • گینٹز وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر اور کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
  • امریکی انتظامیہ مصر اور قطر کے ساتھ یرغمالوں کی رہائی اور لڑائی میں چھ ہفتے کے وقفے کے لیے ثالثی کر رہی ہے۔

امریکی نائب صدر کاملا ہیرس غزہ میں “فوری جنگ بندی” کے مطالبے کے ایک روز بعد، پیر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی جنگی کابینہ کے رکن بینی گانٹز سے ملاقات کر رہی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہل کار نے کہا کہ توقع ہے کہ مذاکرات میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں، عارضی جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ محصور شہر میں امداد میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

عہدے دار نے کہا کہ نائب صدر رفح میں تقریباً 15 لاکھ فلسطینیوں کی سلامتی پر اپنی تشویش کا اظہار کریں گی اور یہ کہ اسرائیل کو حماس کی جانب سے دہشت گردی کے مسلسل خطرات کے پیش نظر اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

گینٹز نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ وہ ہیرس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک ارکان سے ملاقات کریں گے۔

ہیرس نے اتوار کو ایک تقریر میں جنگ بندی کی اپیل کی تھی، جو بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے جنگ کو روکنے کے لیے اب تک کی ایک سب سے مستحکم اپیل ہے۔

ہیرس نے الاباما کے شہر سیلما میں شہری حقوق کی سالگرہ کے ایک بڑے اجتماع میں کہا، “غزہ میں بے پناہ مصائب کے پیش نظر، وہاں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ اور اس کے لیے کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے۔”

ہیرس نے مجمع سے یہ بھی کہا کہ “اسرائیل کے لوگوں کو حماس سے جو خطرہ لاحق ہے اسے ختم کیا جانا چاہیے۔”

امریکی انتظامیہ مصر اور قطر کے ساتھ مل کر حماس کے زیر حراست باقی ماندہ یرغمالوں کی واپسی اور غزہ میں امداد میں اضافے کے لیے لڑائی میں چھ ہفتے کے وقفے کے لیے ثالثی کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ وہاں قحط منڈلا رہا ہے۔

ہیرس نے ایڈمنڈ پیٹس برج پر خطاب کرتے ہوئے، جہاں 59 سال پہلے ریاست کے فوجیوں نے امریکی شہری حقوق کے لیے مارچ کرنے والوں کو اس دن مارا پیٹا تھا، جسے خونی اتوار کے طور پر جانا جاتا ہے، کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہاں حالات غیر انسانی ہیں اور ہماری مشترکہ انسانیت ہمیں عمل پر مجبور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کو امداد کی ترسیل میں نمایاں اضافے کے لیے مزید کچھ کرنا چاہیے۔

ہفتے کے روز، امریکی اور اردنی فضائیہ کی ایک مشترکہ کارروائی میں غزہ کی ساحلی پٹی پر خوراک کے 38000 پیکیٹس گرائے گئے۔

ایک سینئر امریکی عہدے دار نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فضائی ذریعے سے امداد پہنچانے کی کارروائیاں غزہ میں انسانی امداد کو بڑھانے کی مستقل کوشش” کا حصہ ہوں گی۔

انسانی ہمدردی کی امداد پہنچانے والے لوگ فضائی ذریعے سے امداد پہنچانے کی کارروائیاں آخری چارہ کار کے طور پر کرتے ہیں، کیونکہ یہ مہنگی اور پیچیدہ ہوتی ہیں اور اتنی امداد نہیں پہنچا سکتی جتنی کہ ایک ٹرک پہنچا سکتا ہے۔

وی او اے نیوز



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں