کملا ہیرس کی انتخابی مہم پر 20 ملین امریکی ڈالر کا قرض ہونے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ٹرمپ مخالف پارٹی کی ہر ممکن مدد کی بات کہی ہے۔
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ مسلسل اپنے بیانات اور انوکھے انداز کے لیے سرخیوں میں بنے رہتے ہیں۔ ابھی وہ اپنی ٹیم تیار کرنے میں زور و شور سے لگے ہوئے ہیں ساتھ ہی بیچ بیچ میں وہ کچھ تبصرے بھی کرتے رہتے ہیں۔ اس درمیان عام انتخابات کے بعد انہوں نے اپنے حامیوں سے مدد مانگی ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹس کو عطیہ دینے کی گزارش کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس کے پاس بہت زیادہ فنڈ نہیں بچا ہے اس لیے انہیں عطیہ دیں۔ کملا ہیرس کی انتخابی مہم پر 20 ملین امریکی ڈالر کا قرض ہونے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ٹرمپ نے یہ بات کہی ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم ڈیموکریٹس کی مدد کے لیے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں، وہ کریں گے۔ ہمیں ایک پارٹی کے طور پر اور اتحاد بنائے رکھنے کے لیے چندہ اکٹھا کرنا چاہیے۔ واضح ہو کہ 60 سالہ نائب صدر کملا ہیرس 5 نومبر کو ہوئے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر عہدہ کے لیے امیدوار تھیں۔ ٹرمپ سے شکست کھانے والی کملا ہیرس نے فنڈ جٹانے کے سبھی ریکارڈ توڑ دیے تھے۔
پولیٹکو کے کیلیفورنیا بیورو سربراہ کرسٹوفر کیڈیلوگو نے کہا ہے کہ کملا ہیرس کی انتخابی مہم کم سے کم 20 ملین امریکی ڈالر کے قرض کے ساتھ ختم ہوئی۔ ہیرس نے 1 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ جٹائے اور 16 اکتوبر تک بینک میں 118 ملین امریکی ڈالر تھے۔ مجھے حیرت ہے کہ ڈیموکریٹ، جنہوں نے 2020 کے صدارتی انتخاب میں سخت محنت اور بہادری سے لڑائی لڑی، ریکارڈ چندہ اکٹھا کیے، اب ان کے پاس بہت زیادہ پیسے نہیں بچے ہیں۔
وفاقی الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق کملا ہیرس کی انتخابی مہم اور اس کے سپر پیکس نے 2 اعشاریہ 3 بلین امریکی ڈالر اکٹھا کیے اور 1 اعشاریہ 9 بلین امریکی ڈالر خرچ کر ڈالے۔ دوسری طرف ٹرمپ نے 1 اعشاریہ 8 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ پیسے اکٹھا کیے اور 1 اعشاریہ 6 بلین امریکی ڈالر خرچ کیے۔