|
کریملن نے جمعے کو کہا ہے کہ اسے اس بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے کہ اگلے ہفتے صدر ولادی میر پوٹن کے انٹر نیشنل کرمنل کورٹ کے رکن ملک منگولیا کے دورے کے دوران انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے، آئی سی سی روسی لیڈر کے لیے وارنٹ جاری کر چکا ہے۔
پوٹن منگل کو منگولیا روانہ ہوں گے ۔ یہ ہیگ میں قائم عدالت کی طرف سے ان کی گرفتاری کےوارنٹس کے اجرا کے بعد سے آئی سی سی کے کسی رکن ملک کا ان کا پہلا دورہ ہے ۔ عالمی عدالت نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ مارچ 2023 میں یوکرینی بچوں کو انکے ملک سے غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے پر جاری کیے تھے۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے کہا ، پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے، ہم منگولیا کے اپنے دوستوں کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کرچکےہیں۔اس سوال پر کہ آیا ماسکو نے پوٹن کے دورے کے بارے میں منگولیا سے گرفتاری کے وارنٹس پر بات چیت کی ہے تو ترجمان کا کہنا تھا ،’’ دورے کے تمام پہلوؤں کو احتیاط سے تیار کیا گیا ہے ۔‘‘
یوکرین نے جمعے کو منگولیا پر زور دیا ہے کہ وہ پوٹن کو اس وقت گرفتار کر لیں جب وہ ان کے ملک کا دورہ کریں۔ کیف کی وزارت خارجہ نے کہا ، کہ ’’ یوکرین کو امید ہے کہ منگولیا کی حکومت اس حقیقت سے باخبر ہے کہ ولادی میر پوٹن ایک جنگی مجرم ہیں۔‘‘
کیف کی وزارت نے کہا کہ’’ ہم منگولیا کے حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ قانونی طورپر پابند کرنے والے بین الاقوامی وارنٹ پر عمل درآمد کریں اور پوٹن کو ہیگ میں انٹر نیشنل کرمنل کورٹ کو منتقل کر دیں۔”
منگولیا نے دسمبر 2000 میں آئی سی سی کے روم معاہدے پر دستخط کیے تھے ۔ اس معاہدے کے تحت آئی سی سی کے ہر رکن ملک سے توقع کی جاتی ہے کہ اگر پوٹن ان کے علاقے میں قدم رکھیں تو وہ وارنٹ پر عمل درآمد کرے گا۔
ماسکو نے وارنٹ کو مسترد کر دیا ہے ۔۔لیکن پوٹن نے 2022 میں یوکرین پر حملہ شروع کرنے کے بعد سے پہلے ہی غیر ملکی دوروں کو بہت حد تک کم کرتے ہوئے، اب تک آئی سی سی کے کسی رکن ملک کا دورہ نہیں کیا ہے ۔
پوٹن منگولیا کے قریبی علاقے منچوریا پر جاپانی قبضے کے دوران، جاپان اور سویت اور منگولیا کی فورسز کے درمیان ہونے والی جنگ کی 85 ویں برسی میں شرکت کے لیے منگولیا کا دورہ کر رہے ہیں۔
اس رپورٹ کے لیے مواد اے ایف پی سے لیاگیا ہے۔