ہوم Breaking News لارنس بشنوئی گینگ سلمان خان کا جانی دشمن کیوں ہے؟

لارنس بشنوئی گینگ سلمان خان کا جانی دشمن کیوں ہے؟

0


سدھو موسے والا اور بابا صدیقی کے قتل میں ملوث بھارت کا بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان کا جانی دشمن کیوں ہے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق اس دشمنی کا آغاز 1998 میں بالی وڈ کی کامیاب ترین فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار سے ہوا جس کے بعد سے سلمان خان کو بشنوئی گینگ اور ان کے افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔

2018 میں جودھ پور کی عدالت نے کالے کرن کے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں انہیں ضمانت دے دی گئی لیکن اس کے بعد سے بشنوئی برادری دبنگ اسٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے۔

کالے ہرن بشنوئی گینگ کیلئے اتنے اہم کیوں؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کالے ہرن بشنوئی کمیونٹی کے لیے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔

بشنوئی برادری راجستھان کے تھر کے صحرائی علاقے میں آباد ہے اور ان کا تعلق ایک ایسے ہندو مسلک سے ہے جو پیڑ، پودوں اور جانوروں کی عبادت کرتے ہیں یعنی بنیادی طور پر یہ لوگ سبزی خور ہوتے ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں، راجسھتان کے گاؤں بشنوئی کے لوگ کالے ہرن کی تعظیم کرتے ہیں ۔

انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کالے ہرن کا شکار غیرقانونی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 6 سال قید ہے۔

لارنس بشنوئی گینگ کی سلمان خان کو دھمکیاں

سلمان خان کا جانی دشمن لارنس بشنوئی گینگ انہیں مختلف مواقع پر کئی خطرناک دھمکیاں دے چکا ہے ۔

رواں برس اپریل میں لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک 2 ملزمان نے باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں فائرنگ کی تھی جس کے بعد سے پولیس نے اداکار کی سکیورٹی بڑھادی تاہم اس کے باوجود سلمان کے والد سلیم خان کو بھی حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔

2023 میں سلمان خان کے مینیجر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بشنوئی گینگ نے کہا تھا کہ اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو بھگوان جمبیشور (جمبا جی) کا اوتار سمجھتی ہے لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی، اگر سلمان اور ان کے والد سلیم خان جمبا جی مندر میں جاکر سر عام معافی مانگ لیں تو وہ اپنا ارادہ بدل سکتا ہے، ورنہ بشنوئی برادری انہیں قتل کردے گی۔

جولائی 2022 میں، بشنوئی نے مبینہ طور پر گینگسٹر سمپت نہرا کو سلمان خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد مخبری لینے کے لیے بھیجا لیکن کم ہتھیار کے سبب بشنوئی گروپ کو اپنا یہ منصوبہ روکنا پڑا۔

ان دھمکیوں میں2018 کی عدالت میں پیشی کے دوران دی گئی دھمکی بھی شامل ہے جس میں لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کو کہا تھا کہ ’ہم سلمان کو جودھ پور میں قتل کردیں گے اور جب ہم یہ قتل کریں گے تو سب کو پتا چل جائے گا‘۔

یاد رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کے علاوہ دیگر بالی وڈ اداکاروں کو بھی قتل کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں، ان شخصیات میں شاہ رخ خان،گلوکار گپی گریوال اور دیگر بالی وڈ شخصیات شامل ہیں۔

لارنس بشنوئی کون ہے؟

چھوٹا قد اور دبلی پتلی جسامت والا 31 سالہ لارنس بشنوئی لاء گریجویٹ ہے اور اس وقت وہ گجرات کی ہائی سکیورٹی جیل میں قید ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ 2015 سے جیل میں ایک بین الاقوامی جرائم کا گروہ چلا رہا ہے ،لارنس بشنوئی کو جیل میں مختلف سنگین نوعیت کے الزامات کا سامنا ہے۔

بابا صدیقی اور سدھو موسے والا کا قتل

گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ نے سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں سدھو موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

بعد ازاں حال ہی میں ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کو بھی ممبئی میں قتل کردیا گیا جس کی ذمہ داری بھی لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے۔

بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے قبول کی اور کہا کہ انہوں نے سلمان خان اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے قربت اور دوستی کی وجہ سے بابا صدیقی کو قتل کیا۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version