وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے آخری قسط کے لیے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں اگر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ ہوگیا تو جائزہ مشن 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کرے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے ساتھ مذاکرات 14 سے 18 مارچ تک شیڈول ہیں اور پاکستان نے اسٹینڈ بائی معاہدے کے تحت آخری قسط ملنے کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا تو جائزہ مشن 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کرے گا اور جائزہ مشن کی سفارشات کی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کے بعد قسط جاری ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بڑا اور طویل پروگرام لینے کا خواہشمند ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا آئی ایم ایف سے بڑا اور طویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، پاکستان اپنے کوٹے کے حساب سے بڑا پروگرام لینے کی کوشش کرے گا، آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل رہیں گے تو معاشی نظم و ضبط رہے گا۔
ان کا کہنا تھا آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ اعتماد کا فقدان ہے، سندھ کی طرح وفاق بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اپنا سکتا ہے، پالیسی تشخیص کی کوئی کمی نہیں لیکن حکومت نے غور و خوص کی بجائے نفاذ کا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ نے تسلیم کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ایک بڑا ایشو ہے اور میکرواکنامک استحکام سے ہی اسے بتدریج کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا اداروں کے نقصانات کو ختم کرنا، ایف بی آر میں اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن لانا، ریاستی ملکیتی تجارتی اداروں سے نقدرقوم بہنے کا سلسلہ روکنا ترجیحاتی ایجنڈا ہے۔