ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہےکہ اسرائیل فلسطین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں نفرتیں پھیل رہی ہیں جو تشویش کی بات ہے اور امریکا اس کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ کسی کے مفاد میں نہیں، اسرائیل فلسطین تنازعے کا دو ریاستی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بظاہر اسرائیل فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل مشکل ہے، تاہم اسرائیل فلسطین تنازع کا دو ریاستی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
میتھیو ملر نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے یہود دشمنی اور مسلم مخالف جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے، اسرائیل فلسطین تنازع کا حل مسلمان، عیسائی اور یہودیوں کے مفاد میں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس تنازع کا خاتمہ خطے کے دیگر ممالک کے مفاد میں بھی ہے۔
میتھیو ملر نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع سے متعلق دنیا بھر میں بڑھتی نفرتیں باعثِ تشویش ہیں، اس تنازع میں کسی فریق کو غیر انسانی سلوک روا رکھنے کا لائسنس حاصل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بھیانک چیز ہے کہ دونوں جانب سے غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، غیر انسانی سلوک کی مخالفت کرتے ہیں، یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے یہ بھی کہا ہے کہ فلسطین کے ساتھ مصالحت اسرائیل کی سلامتی کے مفاد میں ہے، اسرائیل فلسطین تنازع کا پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔