خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں 5 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 3 الگ کارروائیاں کیں اور مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا پتا لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 5 جوانوں نے بھی مادر وطن کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 26 مئی کو خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ان کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 27 مئی کو ڈسٹرکٹ ٹانک میں آپریشن کیا گیا جس میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔
ضلع خیبر میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پانچ بہادر جوان شہید ہوئے جن کی شناخت نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور محمد یاسین شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔