ہوم Breaking News روزہ کی حالت میں منہ سے آنے والی بو سے نجات کا...

روزہ کی حالت میں منہ سے آنے والی بو سے نجات کا آسان حل

0


رمضان کے دوران روزہ دار منہ کی بُو سے کافی پریشان رہتے ہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ رمضان میں جن کے منہ سے بو آتی ہے انہیں دوسروں سے بات چیت کرتے ہوئے بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

منہ سے بدبو آنا ایک ایسا مسئلہ ہے جو آپ کو اپنے قریب موجود دوستوں سے بھی دور رکھنے کی وجہ بن سکتا ہے اور خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران اکثر بےاحتیاطی اور لاپرواہی کی وجہ سے روزے دار کے منہ سے بدبو آتی ہے جس سے نجات کے چند آسان طریقے یہ ہیں۔

کھانے میں احتیاط:

ماہرین کا کہنا ہے کہ منہ میں بدبو کی وجہ عارضی یا مستقل ہو سکتی ہے تاہم عارضی بو مخصوص کھانوں کی وجہ سے ہوتی ہے جیسے پیاز اور لہسن وغیرہ جنہیں کھانے سے منہ سے وقتی طور پر بدبو آتی ہے۔ جب یہ خوارک خون میں ملتی ہے تو پھیپھڑوں سے سانس خارج ہونے کے بعد منہ سے بو آتی ہے اور اس بدبو کو ان کھانوں سے بچ کر روکا جا سکتا ہے۔

زبان کی صفائی:

زبان کے اوپر بیکٹیریا اکٹھے ہونے کی وجہ سے منہ سے مستقل بو آتی ہے اور یہ بیکٹیریا اس وقت مزید پھلتے پھولتے ہیں جب ہمارا منہ خشک ہوتا ہے۔ روزے دار کو چاہیے کہ سحری اور افطار کے بعد برش یا مسواک ضرور کریں اور انہیں زبان کے اوپر بھی اچھی طرح رگڑیں تا کہ بیکٹیریاز سے نجات پائی جا سکے۔

زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال:

روزے دار کا منہ مسلسل 15 سے 16 گھنٹے خشک رہنے کی وجہ سے بھی منہ میں بدبو پیدا ہوجاتی ہے. آپ کو چاہیے کہ سحری اورافطاری میں پانی کا وافر استعمال کریں تا کہ منہ خشک نہ ہو اور منہ سے بو بھی نہ آئے۔

ماؤتھ واش کا استعمال:

منہ میں کھانے کے ذرات رہنا بھی بو کا باعث بنتا ہے اس لئے روزے دار کو چاہیے کہ رمضان المبارک کے علاوہ عام ایام میں بھی دانتوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور منہ سے آنے والی بو سے نجات کے لئے دانت صاف کرنے کے علاوہ ماؤتھ واش کا استعمال ضرور کریں۔

کافی اور چائے کا استعمال:

بہت سے لوگ چائے اور کافی کے شوقین ہوتے ہیں اور ان کے لئے رمضان المبارک کے دوران چائے اور کافی سے دور رہنا مشکل ہوتا ہے لیکن اس سے بھی منہ میں بدبو پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین ایسے افراد کے لئے کہتے ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران چائے اور کافی کے بجائے ٹھنڈے مشروبات اور پھلوں کا استعمال کریں تاکہ وہ منہ کی بو سے نجات حاصل کر سکیں۔

تمباکو نوشی سے پرہیز:

جو لوگ سگریٹ یا دیگر نشے کا استعمال کرتے ہیں انہیں منہ سے ناگوار بو کی شکایت رہتی ہے۔ اگر آپ تمباکو کسی بھی صورت میں استعمال کرتے ہیں تو فوراً اس سے نجات حاصل کرلیں۔

منہ میں انفیکشن:

اس بات کا خیال رکھیں کہ کہیں آپ کے منہ میں کوئی انفیکشن تو نہیں کیونکہ انفیکشن کی وجہ سے بھی منہ سے بو آتی ہے۔ اگر منہ میں انفیکشن کی شکایت ہو تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں۔

دہی کا استعمال:

تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہی کھانے سے منہ میں موجود بیکٹیریا ختم ہوجاتے ہیں اس لئے اگر روزے دار رمضان المبارک کے دوران دہی کو سحری میں کھانے کا حصہ بنالیں تو منہ کی بو اور دن بھر پیاس لگنے کی شکایت سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

دوائیوں کا استعمال:

بلڈ پریشر، شوگر اور معدے کے مرض میں اکثر لوگ مبتلا رہتے ہیں جو رمضان المبارک کے دوران روزے کر ترک کرنا نہیں چاہتے اور ادویات کھانے کی صورت میں انہیں منہ سے بو کی شکایت بھی ہوتی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض ادویات ایسی ہوتی ہیں جن کے استعمال سے منہ سے بو آنا شروع ہوجاتی ہے، اگر آپ کو کبھی ادویات استعمال کرنے کی وجہ سے اس قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تو پریشان نہ ہوں اور کثرت سے دودھ اور دہی کا استعمال کریں۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version