تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کو پیرول پر رہا کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے سزا یافتہ سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا پیرول پر رہا کر دیے گئے، جس کے بعد وہ دارالحکومت بینکاک میں اپنی حویلی پہنچ گئے۔
ارب پتی سابق وزیر اعظم کو پولیس اسپتال سے رہا کیا گیا، جہاں وہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں بیماری کے باعث ایک سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے، انھیں چھ ماہ بعد ہی رہا کیا گیا۔
تھاکسن اسپتال سے بینکاک میں اپنے محل منتقل ہو گئے ہیں، ان پر 2001 سے 2006 کے دوران اقتدار کے غلط استعمال اور کرپشن کا الزام تھا۔
74 سالہ تھاکسن کو 15 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد گزشتہ اگست میں تھائی لینڈ واپس آتے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا، انھوں نے صحت کی خرابی کی شکایت کے بعد ایک رات بھی جیل میں نہیں گزاری، تھاکسن کی اصل 8 سالہ قید کی سزا تھائی لینڈ کے بادشاہ نے ایک سال میں تبدیل کر دی تھی۔
تھاکسن شیناواترا کو جس طرح مراعات دی گئیں، اس نے تھائی باشندوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ امیر اور طاقت ور لوگوں کے ساتھ کچھ اور ہی سلوک کیا جاتا ہے۔