راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سانحہ 9مئی 2023کے 19مجرمان کی سزاؤں میں معافی کااعلان کر دیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔
دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا، ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دیگرتمام مجرمان کے پاس بھی اپیل اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں، سزاؤں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ اپریل 2024 میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان، سمیع اللہ ولد میرداد خان، لئیق احمد ولد منظور احمد کی سزا معاف کی گئی۔ امجد علی ولد منظور احمد، یاسر نواز ولد امیر نواز خان، سعید عالم ولد معاذاللہ خان کی سزا معاف کی گئی۔