رمضان میں صحت کا خیال لازمی رکھنا چاہیے، دن بھر تروتازہ اور فٹ رہنے کے لیے یہ پانچ مشروبات آپ کی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد کریں گے۔
اگر آپ اپنی صحت کے حوالے سے پریشان ہیں، جسم کمزور ہوگیا ہے، آفس سے گھر آنے کے بعد تھکاوٹ کا سامنا ہے، تو یہ آپ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
عام طور پر صحت مند رہنے کے لیے ماہرین صحت کہتے ہیں کہ یوگا کریں، کاربز یا چربی کم کریں، شراب کو ترک کریں، تناؤ میں کمی لائیں۔
یہ سوچنا آسان ہے کہ آپ کو صحت مند، خوشحال انسان بننے کے لیے اپنے زندگی میں کچھ چیزوں کو درست کرنا ہے اور تبدیلی بھی لانی ہے۔
اسی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ صحت بخش غذاؤں پر مشتمل مشروبات کا انتخاب آپ کو صحت مند رکھ سکتا ہے۔
1 اورنج جوس
ایک گلاس اورنج جوس میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو آپ کے نظام ہاضمے کو بھی بہتر بناتا ہے۔ اس کو بنانے کے لیے درج ذیل ترکیب نوٹ کریں۔
اجزاء:
اورنج جوس 2 کپ
پودینا (پودینے کے پتے) ایک مٹھی
ضرورت کے مطابق آئس کیوبز
ترکیب :
ایک بلینڈر جگ میں نارنجی کا رس، پودینے کے پتے ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔
سرونگ گلاس میں آئس کیوبز، پودینہ اور تیار کردہ اورنج جوس شامل کریں۔
اورنج سلائس، پودینے کے پتوں سے گارنش کریں اور سرو کریں!
2 اسموتھی
اسموتھی کئی قسم کی ہوتی ہیں، آپ کیلے، کھجور اور دھنیا اور پودینے کی اسموتھی بھی بناکر پی سکتے ہیں، ان میں موجود وٹامن اور منرلز آپ کے صحت کو یقینی طور پر بہتر رکھنے میں مدد کریں گے۔
اجزاء:
اسٹرابیری اور اورنج اسموتھی تیار کریں:
اسٹرابیری 200 گرام
ایک کیلا
دہی 1/3 کپ
اورنج جوس ¾ کپ
ترکیب:
ایک بلینڈر جگ میں اسٹرابیری، کیلا، دہی، اورنج جوس ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔
اسٹرابیری سے گارنش کریں اور سرو کریں!
3۔ تخم بالنگا
ماہرین غذا ئیت کے مطابق تخم بالنگا وٹامنز، منرلز اور فائبر سے بھرپور غذا ہے، اس میں دودھ کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ کیلشیم اورسیٹریس پھلوں کے مقابلے میں سات گنا زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے، یہ تاثیر میں ٹھنڈا اور فوائد میں بے مثال ہے۔
جسمانی قوت میں اضافہ ہونے سمیت روزانہ کی بنیاد پر استعمال سے اضافی وزن میں بھی واضح کمی واقع ہوتی ہے، یہی نہیں آپ اس کا جوس تیار کرکے پی سکتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ہے۔
4۔ بادام کا شربت
بادام یادداشت کے لیے بہترین مانا جاتا ہے، باداموں میں مونوسچورٹیڈ فیٹی ایسڈز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ جسمانی افعال کے لیے انتہائی ضروری ہوتے ہیں، کیونکہ یہ خون میں گلوکوز کی مقدار متوازن رکھتے ہیں۔
جبکہ گلوکوز کے جذب ہونے کے عمل کو کنٹرول بھی کرتے ہیں، آسان الفاظ میں بادام بلڈ گلوکوز کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، جس سے ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
بادام کا جوس بنانے کے لیے یہ ترکیب آزمائیں۔
اجزا:
بادام 200 گرام (رات بھر بھگو کر چھیلے ہوئے)
پانی ½ کپ یا حسب ضرورت
چینی ایک کلو
پانی ایک لیٹر
الائچی پاؤڈر
½ چائے کا چمچ آئس کیوبز
ٹھنڈا پانی ایک کپ
ترکیب:
گرائنڈر میں بادام، پانی ڈال کر پیسٹ بنا لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔
کڑاہی میں چینی اور پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور چینی کے گل جانے تک پکائیں۔
اب اس میں بادام کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور درمیانی آنچ پر 5 منٹ تک پکائیں۔
الائچی پاؤڈر ڈالیں، اچھی طرح مکس کریں اور ابال پر لائیں اور 4-5 منٹ تک پکائیں، پھر اسے ٹھنڈا ہونے دیں۔
سرونگ گلاس میں آئس کیوبز، بادام کا شربت اور پانی ڈالیں، اس کو مکس کریں اور مزے لے کر پیئیں اور دوسرے کو بھی پلائیں۔