وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کسی ادارے نے گرفتار نہیں کیا، ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔ ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں۔
ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا پولیس کا ایک اہلکار تشویشناک حالت میں تھا، آج اس نے جام شہادت نوش کیا، جو جو شہید کے قتل میں ملوث ہے ان میں سے کوئی بھی نہیں بچے گا۔
علی امین گنڈا کی گرفتاری سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ کے پی ہماری حراست میں نہیں ہیں، علی امین کسی اور ادارے کی حراست میں بھی نہیں ہیں، علی امین کے پی ہاؤس میں موجود نہیں، وہاں سے بھاگ گئے تھے، علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج سے 11 کے پی پولیس اہلکاروں سمیت 564 افراد گرفتار کئے: وزیر داخلہ
اس موقع پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کل ایک جتھا آیا تھا جس کادعویٰ تھا کہ وہ پُرامن ہے، اگر ان کے بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں تو وہ کون سے اسپتال میں ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے، جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آرہے تھے تو پی ٹی آئی نے ان کا دورہ سبوتاژ کیا، پی ٹی آئی سی ایس او کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا علی امین نے کل سے خودساختہ روپوشی اختیار کی ہوئی ہے، علی امین وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں صرف ایک ہی چیز ہورہی ہے، کرپشن کرپشن اورکرپشن، سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ دہشت گردوں کو لایا جاتا ہے۔