سینیئر اداکار فیصل قریشی نے آئندہ ماہ فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر کی ماؤں اور بہنوں سے گزارش کی ہے کہ وہ پولنگ کے دن گھر میں بریانی ضرور بنائیں۔
فیصل قریشی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انتخابات کا ذکر کیے بغیر پاکستان بھر کی خواتین کو انتخابات کے دن بریانی پکانے کی گزارش کی تاکہ ان کے شوہر، بیٹے اور بھائی بریانی کی پلیٹ پر آنے والی نسلوں کو داؤ پر نہ لگائیں۔
اداکار نے اپنی مختصر اسٹوری میں لکھا کہ وہ پاکستان بھر کی ماؤں اور بہنوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ آئندہ ماہ 8 فروری کو گھر میں بریانی ضرور پکائیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بریانی اس لیے پکائیں تاکہ خواتین کے خاوند، بھائی اور بیٹے ایک بریانی کی پلیٹ پر قوم کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں۔
ساتھ ہی انہوں نے خاموش پیغام کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
اگرچہ فیصل قریشی نے اپنی اسٹوری میں انتخابات کا لفظ استعمال نہیں کیا، تاہم ان کا اشارہ الیکشن کی ہی طرف تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور عام طور پر پولنگ کے دن سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز میں بریانی کی تقسیم کی خبریں بھی آتی رہتی ہیں۔