وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی کے گھر آمد ہوئی، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف تلہ گنگ میں کیپٹن احمد بدر شہید کے گھر بھی پہنچے، انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہدا کے اہلخانہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے جب کہ کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔