ہوم Breaking News ملک میں موجود مندر اور گردوارے اقلیتوں کی جائیداد ہیں: چیف جسٹس

ملک میں موجود مندر اور گردوارے اقلیتوں کی جائیداد ہیں: چیف جسٹس

0


چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موجود مندر اور گردوارے مخصوص اقلیتوں اور عوام کی پراپرٹی ہیں، ساری زمینیں ہتھائی جاتی ہیں، اس لیے حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔

اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے وکیل اکرام چوہدری میں تلخ کلامی ہوئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سے سوال کیا کہ ملک بھر میں کتنے گوردوارے ہیں؟ وکیل اکرام چوہدری نے کہا کہ یہ مقدمہ 6 گوردواروں کا ہے، ملک بھر کی تفصیل گزشتہ سماعتوں میں جمع کرا چکے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ آپ حقائق کیوں چھپانا چاہتے ہیں؟ سچ عوام کے سامنے آنے سے کیوں روکا جا رہا ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ تمام حقائق عدالت کو دے چکے ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت کا کچھ تو احترام کریں جس پر اکرام چوہدری نے کہا کہ بطور وکیل عدالت بھی میرا احترام کرے۔ چیف جسٹس نے اکرام چوہدری کو روسٹرم سے ہٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق تو ختم ہی ہو گیا ہے۔

وکیل اکرام چوہدری نے کہا کہ وکالت کرتے ہوئے 35 سال ہوگئے ہیں، آپ سمجھتے ہیں اخلاقیات صرف آپ کو ہی آتی ہیں، بار کا سینئر رکن ہوں مجھے بھی عزت دی جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں آپ سے نہیں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین سے بات کرنی ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین نے عدالت کو بتایا کہ ملک بھر میں فعال گوردواروں کی تعداد 19 ہے۔

چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ تمام گوردواروں کی تفصیلات اور تصاویر ویب سائٹ پر کیوں نہیں ڈالتے؟ میری بات پر سر سر کیوں کر رہے ہیں؟چیف جسٹس نے متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی سرزنش کر دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ انگریز کا دور ختم ہو چکا ہے اب سر سر نہ کیا کریں، غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔ عدالت نے تمام گوردواروں اور مندروں کی تصاویر سمیت مکمل تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ مخصوص اقلیتوں اور عوام کی پراپرٹی ہے، ساری زمینیں ہتھیائی جاتی ہیں اس لیے حقائق چھپائے جا رہے ہیں، پہلے عدالت پر چڑھائی کر دو پھر جج کو سوال بھی نہ پوچھنے دو۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version