مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں مسلم لیگ(ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور ہم سب پارٹیوں اور فرد واحد کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آنکھوں میں صاف صاف خوشی کی لہر اور چمک دیکھ رہا ہوں اور یہ چمک کہہ رہی ہے کہ میرے پاکستان کو سنوار دو، یہ چمک کہہ رہی ہے کہ پاکستان زخمی ہے اور ہماری زندگیوں میں روشن تبدیلی آنی چاہیے، یہ چمک پاکستان کو ایک خوبصورت ملک دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کارکنوں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں مسلم لیگ(ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کو بھنور سے نکالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکلات سے نکالا ہے، آج بھی نکالنے کا اہتمام کررہے ہیں اور ہم سب پارٹیوں اور فرد واحد کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور ان کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ اس زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے اور ہم نے یہ پہلے بھی کر کے دکھایا ہے، آپ کو معلوم ہے کہ کس نے اس ملک کے لیے کیا کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہم نے کس طرح پاکستان کو مالیاتی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک ہے، آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان کس طرح سے خوشحال ہوتا جا رہا تھا، ہم نے دفاعی صلاحیت کے لیے جو کردار ادا کیا وہ بھی آپ جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے معاشرتی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے بھرپور کام کیا اور خدمت کی ہے، آپ جانتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے، ہمیں جو مینڈیٹ ملا ہے تو ضروری ہے کہ دوسری پارٹیاں مل بیٹھ کر ایک حکومت قائم کریں اور پاکستان کو اس بھنور سے نکالیں۔