جس طرح پانی کے بغیر پودوں کیلئے پنپنا مشکل ہے اسی طرح اچھی اور بھرپور نیند صحت کیلئے لازمی جزو کی حیثیت رکھتی ہے۔
رات کی نیند نہ صرف ہمارے مزاج کو خوشگوار بناتی ہے بلکہ آنکھوں کے گرد بدنما سیاہ حلقے بھی پیدا نہیں ہونے دیتی اور جسم کے دیگر اعضا بھی بہتر انداز میں کام کرتے ہیں۔
یاد رکھیں مناسب دورانیے تک سونا آپ کے دل، وزن اور ذہن سمیت ہر چیز کی صحت کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے بصورت دیگر صحت کے بہت سے مسائل آپ کو درپیش ہوسکتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی جہاں دیگر کئی جان لیوا امراض کا سبب بن سکتی ہے، وہیں سر درد اور مائیگرین کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
تاہم اب ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند کی کمی کا مائیگرین سے گہرا تعلق ہے اور مکمل نیند نہ کرنے والے افراد تین یا اس سے زائد دن تک مائیگرین میں مبتلا رہ سکتے ہیں۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے 5 ہزار کے قریب افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔
ماہرین نے تمام افراد کی نیند کے دورانیے، سونے کی عادت سمیت ان کی عمر اور انہیں ہونے والے مائگرین کی نوعیت کا جائزہ لیا اور تمام رضاکاروں کی الیکٹرانک ڈیوائسز سے مانیٹرنگ بھی کی۔
رضاکاروں میں شامل سب سے کم عمر افراد 7 سال کی عمر کے تھے جب کہ سے زیادہ 84 برس کی عمر کے تھے اور نصف تعداد خواتین کی تھیں۔
ماہرین نے نوٹ کیا کہ جو افراد رات ختم ہونے سے دو گھنٹے قبل نیند سے جاگ جاتے ہیں ان میں مائیگرین کے مبتلا ہونے کے امکانات 22 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ مکمل اور پر سکون نیند نہ کرنے سے نہ صرف مائیگرین ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں بلکہ ایسے افراد میں شدید مائیگرین ہوسکتا ہے جو تین دن سے زائد دن تک چل سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے افراد میں مائیگرین کے علاوہ شدید تھکاوٹ، چڑچڑاپن، کھانے پینے کا احساس ختم ہونے سمیت دیگر پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔