نیپال میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 125 سے زائد ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال میں مسلسل 2 روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت سمیت متعدد علاقوں میں اب تک 322 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔
نیپال میں نظام زندگی درہم برہم ہے۔ اسکول تین روز سے بند ہیں اور دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ درخت اکھڑ گئے، ہورڈنگز گر گئیں۔ ٹریفک معطل ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ سمیت دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 125 ہوگئی جب کہ 62 افراد لاپتا ہیں جو ممکنہ طور پر سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تین روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو ساحلوں سے دور رہنے اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔