پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز چار ایک سے ہار گئی ٹیم کو یہ شکست کیوں ہوئی ڈائریکٹر محمد حفیظ نے سچ قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے میں بھی ناکامی سمیٹنے کے بعد خالی ہاتھ وطن واپس آ رہی ہے۔ کینگروز نے تو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا لیکن خوش قسمتی سے گرین شرٹس نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخ میں پہلی بار کلین سوئپ ہونے کی ہزیمت سے بچ گئے اور آخری میچ میں فتح حاصل کی۔
اس میچ میں پاکستان کی نہ بولنگ کارگر رہی اور نہ ہی بیٹنگ، کیچز اور مِس فیلڈ نے بھی شکستوں میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیوں ہاری؟ اس حوالے سے ٹیم کے ڈائریکٹر اور سابق قومی کپتان محمد حفیظ نے سچ قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس دورے میں کھلاڑیوں پر جرمانے کیوں لگائے گئے۔ رزلٹ مثبت کیوں نہ آئے، محمد حفیظ قوم کو سب بتائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد حفیظ کا بابراعظم کو مفید مشورہ سامنے آگیا
ٹیم ڈائریکٹر یہ بھی بتائیں گے کہ ٹیم کیوں ہاری، کس کی کیا کارکردگی رہی؟ بڑے کھلاڑیوں کے نمبرز تبدیل کیوں کیے، کس کو کیوں آرام دیا اور کس کو کیوں ڈراپ کیا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد حفیظ وطن واپسی کے بعد جمعے کو پریس کانفرنس کریں گے جس میں تمام حقائق قوم کے سامنے آشکار کریں گے۔
قومی ٹیم نیوزی لینڈ سے بدھ کی شب وطن واپس پہنچے گی جب کہ کپتان آئی ٹی ایل میں شرکت کے لیے دبئی میں قیام کریں گے۔