پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچ میں عقیل حسین کی ہیٹ ٹرک کے باوجود پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
پشاور زلمی نے اننگز کا جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 3.3 اوورز میں 46 رنز بنائے جس کا سہرا صائم ایوب کے سر تھا جنہوں نے 12 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 30 رنز کی باری کھیلی لیکن اسی اسکور پر سہیل خان نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
دوسرے اینڈ سے بابر اعظم ڈٹے رہے اور محمد حارث کے ساتھ مل کر اسکور کو 8 اوورز میں 93 تک پہنچا دیا، حارث 20 اور حسیب اللہ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو زلمی کی ٹیم 9 اوورز میں 100رنز بنا چکی تھی۔
بابر اعظم نے ایک اور شاندار باری کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 30 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
بابر ایک اور بڑی اننگز کھیلنے کی جانب گامزن تھے لیکن عقیل حسین نے انہیں چلتا کردیا جبکہ دوسرے اینڈ سے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ٹام کوہلر کیڈمور بھی 19 گیندوں پر 33 رنز بنانے کے بعد حسنین کی وکٹ بن گئے۔
اگلے اوور میں عقیل حسین نے زلمی کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے لگاتار تین وکٹیں لے کر سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اختتامی اوورز میں روومین پاول ے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 28 رنز بنائے جس کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
گلیڈ ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے چار جبکہ سہیل خان، حسنین اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے بھی اپنی ٹیم کو 4.3 اوورز میں 46 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر سعود شکیل کی 12 گیندوں پر 2 چھکوں سے سجی 24 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
اگلے اوور میں انگلینڈ سے آئے جیسن روئے بھی 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ صائم ایوب نے ایک ہی اوور میں رائلی روسو اور خواجہ نافع کو چلتا کیا تو گلیڈی ایٹرز 61 رنز پر چار گنوا چکے تھے۔
اسکور ابھی 76 تک پہنچا ہی تھا کہ لوری ایونز بھی 12 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے اور اسی طرح سمیر یوسف اور عقیل حسین بھی پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم صرف 120 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پشاور زلمی نے میچ میں 76 رنز کی بڑی فتح کے ساتھ پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب، لیوک وُڈ اور خرم شہزاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔