ہوم Breaking News چھلکے کے ساتھ پھل اور سبزیاں کھانے کے فوائد جان لیں

چھلکے کے ساتھ پھل اور سبزیاں کھانے کے فوائد جان لیں

0


موسم چاہے گرمی کا ہو یا سردی کا سبزیوں اور پھلوں کا استعمال لوگ اپنے کھانوں میں بہت شوق سے کرتے ہیں۔ موسمی سبزیاں اور پھل کھانے سے آپ کو ذائقے کے ساتھ ساتھ بھرپور صحت بھی ملتی ہے۔ کیونکہ ان میں وٹامن اور منرلز کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔

سبزیوں اور پھلوں کو کچا بھی کھایا جا سکتا ہے اور پکا کر بھی یہ دونوں ہی صورتوں میں آپ کے لئے بہترین ہیں۔ ہمارے ملک میں سبزیوں اور پھلوں کی بے شمار اقسام موجود ہیں جن میں سے بہت سی ایسی ہیں جن کو کھانے سے پہلے چھلکا اتارنا لازمی ہوتا ہے لیکن بہت سی سبزیاں اور پھل ایسے بھی ہیں جن کو چھلکا اتارے بغیر بھی کھایا جا سکتا ہے لیکن ہمارے ہاں بہت سے لوگ سبزیوں اور پھلوں کو کھانے سے پہلے ان کے چھلکے اتار دیتے ہیں۔ یہ جانے بغیر کہ ان کے چھلکے میں کتنے غذائی اجزاءموجود تھے جو ان کی ایک معمولی سی غلطی کے باعث ضائع ہو گئے۔

تحقیقات سے یہ بات پتہ چلی ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں میں ایسے غذائی اجزاءپائے جاتے ہیں جن کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کے چھلکے کیلوریز میں کم ہونے کے ساتھ ساتھ وٹامن‘ منرلز اور بھرپور غذائیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ہم ان سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں کو اتار کر ان تمام ضروری غذائی اجزاءکو ضائع کر دیتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہم اپنی معلومات میں تھوڑا سا اضافہ کریں اور موسم کے لحاظ سے پائی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کے بارے میں یہ معلوم کریں کہ ہم کس سبزی اور پھل کو چھلکے سمیت کھا سکتے ہیں اور یہ ہمارے لئے کتنا مفید ہے تو یہ آپ کے لئے اچھا ہو گا۔ اس مشکل کو حل کرنے کے لئے ذیل میں ہم چند ایسی سبزیاں اور پھل پیش کر رہے ہیں۔ جن کا استعمال اگر چھلکوں سمیت کیا جائے تو آپ کو بے شمار فائدے حاصل ہو سکتے ہیں۔

سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے کھانے سے نہ صرف آپ بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ ان میں موجود وٹامن اور فائبر آپ کے جسم میں موجود غذائی اجزاءکی کمی کو بھی پورا کرتے ہیں۔ جس سے آپ کی رنگت‘ صحت اور موڈ میں بہت اچھے بدلاو آتے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ کھانے میں ملنے والی مزیدار سبزیاں اور پھل آپ کی بھوک کو بھی بڑھاتے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں میں پائے جانے والے وٹامنز اور فائبر درج ذیل بیان کئے جا رہے ہیں جن کو کھانے سے آپ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

سیب

سیب کے چھلکے میں اس کے گودے کی نسبت 9 گنا زیادہ غذائیت ہوتی ہے اور سیب کا 75 فیصد فائبر اس کے چھلکے میں ہوتا ہے۔ ایک تجزیئے کے مطابق سیب میں ایک ہزار کے قریب ایسے اجزاءہوتے ہیں جو بیماریوں کو جسم سے ختم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لئے ہمیشہ سیب کو چھلکے سمیت ہی کھائیں۔ اگر آپ کو اس کا چھلکا پسند نہیں ہے تو آپ ایسے سیب کا انتخاب کریں جس کا چھلکا پتلا ہو۔

کھیرا

کھیرے کے چھلکے میں Chlorophyll پایا جاتا ہے جو کہ سبز رنگ کا پگمنٹ ہے اور کینسر سے حفاظت کے لئے بہت زیادہ کارآمد ہے۔ کھیرے کو آپ چھلکے سمیت کچا ہی کھائیں تو زیادہ بہتر ہے۔ اس کا آپ سلاد بھی بنا سکتے ہیں اور اس کا جوس بنا کر بھی پیا جا سکتا ہے۔

مالٹا

مالٹے کے چھلکوں میں ڈی لیمینن نامی ایک قدرتی سالوینٹ پایا جاتا ہے۔ یونیورسٹی آف ایریزونا (Arizona) کی حالیہ تحقیقات کے مطابق اگر آپ مالٹے کے چھلکے کو لگاتار کھائیں تو یہ آپ کو Squasmous cell carcin سے بچاتا ہے جو کہ جلد کے کینسر کی دوسری اہم قسم ہے۔ مالٹے کے چھلکے کو کھانے کے لئے سب سے بہتر یہ ہے کہ آپ اس کا چھلکے سمیت جوس بنا کر پیئیں۔

آلو

آلو کے چھلکے میں اس کے گودے کی نسبت 10 گنا زیادہ غذائی اجزاءپائے جاتے ہیں۔ آلو کو چھلکوں سمیت کھانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ موسم میں آنے والے نئے آلو کا استعمال کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ نئے آلو میں چھلکا بہت ہی زیادہ پتلا ہوتا ہے اور آپ اس کو چھلکے سمیت پکا کر یا ابال کر آسانی سے کھا سکتے ہیں۔

گاجر

گاجر کے چھلکے میں گاجر کی نسبت 10 گنا زیادہ Falcarindiol پایا جاتا ہے۔ جو کہ گاجر کے چھلکے کے بالکل نیچے ہوتا ہے اور کینسر سے بچاو میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ چھلکے سمیت گاجر کو کھانے کے لئے سب سے بہتر ہے کہ آپ چھوٹی گاجروں کا انتخاب کریں۔ اس کا جوس بنا کر پیئیں یا پھر ایسے کچا ہی کھا لیں۔ دونوں صورتوں میں یہ آپ کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔ اس کے علاوہ گاجروں کی دوسری سبزیوں کے ساتھ پکا کر بھی کھا سکتے ہیں۔

بینگن

بینگن کے چھلکے میں nansum اور Anthocyanin پائے جاتے ہیں جو کہ بینگن کو پرپل رنگ دیتے ہیں۔ بینگن کو چھلکے سمیت کھانے کے لئے آپ اس کو چھلکے سمیت گول ٹکڑوں میں کاٹ کر باربی کیو کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے آپ تازے اور سائز میں چھوٹی بینگنوں کا انتخاب کریں کیونکہ سائز میں چھوٹے ہونے کی وجہ سے ان کے چھلکے پتلے ہوتے ہیں اور غذائیت سے بھرپور بھی ہوتے ہیں۔

ٹماٹر

ٹماٹر کے چھلکے میں Lycopene پایا جاتا ہے۔ جس کو کھانے سے آپ دل کی بیماریوں اور کینسر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے چھلکے اور گودے اور بیجوں کی نسبت زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے۔ اکثر لوگ کھانا بناتے وقت ٹماٹر کے چھلکوں کو اتار دیتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سے غذائی اجزاءضائع ہو جاتے ہیں۔ ٹماٹر کو آپ چھلکے سمیت کچا بھی کھا سکتے ہیں اور اس کا جوس بھی بنا کر پی سکتے ہیں۔ کھانا بناتے وقت کوشش کریں کہ ٹماٹر کے چھلکے نہ اتاریں اور اگر بہت زیادہ ضروری ہو تو ٹماٹر کو پہلے دو منٹ کے لئے کسی الگ برتن میں پکا لیں تاکہ اس کا چھلکا الگ ہو کر اتر جائے اور بعد میں اسے کھانے میں شامل کریں اس طرح آپ کو ٹماٹر کے تمام غذائی اجزاءبھی مل جائیں گے اور کھانے میں چھلکے بھی نظر نہیں آئیں گے۔

وٹامن

وٹامن اے اور سی کی بہت سی مقدار سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں میں پائی جاتی ہے۔ جس میں آم‘ سٹرابری‘ مالٹا‘ کی وی اور تربوز شامل ہیں۔ وٹامن اے آپ کی نظر کو بڑھانے اور ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ وٹامن سی بھی بہت سی بیماریوں سے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔ اگر آپ روزانہ سبزیوں اور پھلوں کا سلاد بنا کر کھائیں تو یہ آپ کے لئے انتہائی فائدہ مند ہو گا۔

فائبر

فائبر آپ کی غذا کا ایک بہت اہم جز ہے۔ امریکن American Heart Association کے مطابق آپ کی روزانہ کی ڈائٹ میں 25 گرام فائبر کا ہونا لازمی ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے فائبر کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کو کھانے سے آپ لو بلڈپریشر‘ کم کولیسٹرول اور قبض جیسے امراض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔




Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version