اسٹیپلر ایک ایسی چیز ہے جسے لگ بھگ ہر فرد ہی کاغذات کو ایک جگہ اکٹھا رکھنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ جس اسٹیپلر کو آپ روزانہ استعمال کرتے ہیں اس میں ایک خفیہ سیٹنگ بھی چھپی ہوئی ہے؟ جی ہاں واقعی اگر آپ اسٹیپلر کی اس دھاتی پلیٹ کو غور سے دیکھیں جہاں پنوں کو دبایا جاتا ہے تو آپ کو کچھ منفرد نظر ائے گا۔
وہاں آپ کو پنوں کو دبانے میں مدد فراہم کرنے والے 2 سیٹس نظر آئیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیشتر افراد اس پر کبھی غور نہیں کرتے اور انہیں علم ہی نہیں ہوتا کہ اسٹیپلر کی دوسری سیٹنگ کو بھی کاغذات کو پن کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس چھوٹی دھاتی پلیٹ کو اسٹرائیک پلیٹ یا anvil کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کے نیچے ایک پن منسلک ہوتی ہے جس کے اردگرد اسپرنگ موجود ہوتا ہے۔
اگر اس پن کو دبائیں تو پھر آپ پلیٹ کو گھما سکتے ہیں۔
پہلی سیٹنگ میں اسٹیپلر کے شگاف ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب ہوتے ہیں اور اسے ہی زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سیٹنگ میں اسٹیپلر پن بہت سختی سے کاغذات کو جوڑتی ہے اور اسے نکالنا مشکل ہوتا ہے۔
اسے reflexive سیٹنگ کہا جاتا ہے۔
مگر جب آپ پلیٹ کو گھما کر دوسری سیٹنگ کو استعمال کرتے ہیں تو پھر کاغذات کو جوڑنے والی پنوں کے سرے ایک دوسرے سے کافی دور ہوتے ہیں۔
یہ سیٹنگ بنیادی طور پر کاغذات کو عارضی طور پر اسٹیپل کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے کیونکہ پنیں بہت زیادہ آسانی سے نکل جاتی ہیں۔
اسے پننگ سیٹنگ کہا جاتا ہے اور اسے ڈبوں یا کریٹس میں ٹیگز اور لیبلز لگانے کے لیے اسٹیپلر کا حصہ بنایا گیا تھا جن کی پنیں نکالنے کے لیے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہوتا تھا۔