پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے مالی سال 25-2024 کا صوبائی بجٹ پیش کردیا جبکہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کہ کسی صوبے نے وفاق سے پہلے اپنا بجٹ پیش کیا۔ خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ جبکہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 32 ہزار سے بڑھا کر36 ہزارمقرر کردی گئی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپوربھی ایوان میں موجود تھے۔
بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ 8 فروری کےانتخابات میں عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو واضح مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا میں بے مثال ترقیاتی کام کیے، خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو تیسری بار منتخب کیا، ترقیاتی منصوبوں میں سے اہم صحت انصاف کارڈ کا اجراء ہے۔