اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سستے سولر سسٹم کی فراہمی کیلیے بڑے ملک نے آلات تیار کرنیوالے کارخانے پاکستان میں لگانے پر آمادگی ظاہر کردی ۔ سینئر صحافی محمد صالح ظافر نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چین نے پاکستان میں ارزاں سولر سسٹم کی فراہمی کے لئے اس میں استعمال ہونے والے پینلز، کنورٹرز اور بیٹریز سمیت تمام آلات تیار کرنے والے کارخانے پاکستان میں لگانے کے لئے آمادگی ظاہر کردی ہے۔ اس سلسلے میں چینی حکام سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ ماہ رواں میں پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد چینی قیادت سے مذاکرات کے لئے بیجنگ جائے گا تو اس حوالے سے مزید پیش رفت ہوگی۔ اس کا انکشاف منصوبہ بندی و ترقیات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے مختصر گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین اور بعض یورپی ممالک نے سولر سسٹم کی مصنوعات کی ارزاں نرخوں میں فراہمی پر اجارہ قائم کر رکھا ہے دوسرے ممالک کے صنعت کاران کا مقابلہ نہیں کرسکتے جبکہ چین کے پاس اپنی اور دوسرے ممالک کی وسیع منڈی دستیاب ہے جہاں مصنوعات کی وسیع پیمانے پر کھپت کے باعث اس کی پیداواری لاگت کم ہوجاتی ہے۔