ہوم Business پاکستان نے سعودی عرب سے 1.5 ارب ڈالرز اضافی قرض کی درخواست...

پاکستان نے سعودی عرب سے 1.5 ارب ڈالرز اضافی قرض کی درخواست کردی

0



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے بیل آوٹ پیکیج کے لئے درکار بیرونی مالیاتی فرق کو پورا کرنے کے لئے سعودی عرب سے قرضہ بڑھانے کی درخواست کردی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مبینہ طور پر سعودی عرب سے اپنے موجودہ 5 ارب ڈالرز کے پورٹ فولیو میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالرز قرض مزید بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی مالیاتی فنڈز کے 37 ماہ کے بیل آوٹ پیکیج کے حصول کے لئے ضروری بیرونی مالیاتی فرق کم کرنے میں مدد ملے جبکہ یہ پیکیج آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری تک زیر التوا ہے۔باخبر ذرائع نے بتایا کہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق تینوں دوست دوطرفہ شراکت داروں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کی جانب سے پاکستان کو دیے گئے اپنے 12 ارب ڈالرز قرض کو رول اوور کرنے کے حوالے سے اپنے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ذریعے آئی ایم ایف کو تصدیق کرنا ہوگی۔حکومت نے گزشتہ ماہ باقاعدہ طور پر تصدیق کی تھی کہ وفاق نے تین دوست ممالک کے ساتھ 27 ارب ڈالر سے زائد کے قرضوں اور واجبات کی ری پروفائلنگ کے عمل کو شروع کردیا ہے جبکہ ری پروفائلنگ یا 12 ارب ڈالر رول اوور دراصل آئی ایم ایف کی جانب سے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت مقرر کردہ شرط ہے جبکہ اسلام آباد نے توانائی کے شعبے میں 15 ارب ڈالر سے زائد کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کرنے اور درآمدی کوئلے پر مبنی منصوبوں کو مقامی کوئلے میں تبدیل کرنے کی بیجنگ سے درخواست کی ہے تاکہ بروقت ادائیگیوں میں مشکلات کے پیش نظر مالیاتی گنجائش پیدا کی جا سکے، جس سے توانائی کے شعبے میں زرمبادلہ کے اخراج اور صارفین کے ٹیرف میں آسانی ہو۔
اس وقت پاکستان کو فراہم کرنے کے لئے سعودی عرب کے پاس 5 ارب ڈالرز، چین کے پاس 4 ارب ڈالرز اور متحدہ عرب امارات کے پاس 3 ارب ڈالرز موجود ہیں جبکہ پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 1 اعشاریہ 5 ارب ڈالرز کی درخواست کی ہے جو کہ دو طرفہ تجارتی قرض کی صورت میں آنے کی توقع ہے جبکہ یہ حفاظتی ڈیپازٹ کی صورت میں بھی ہو سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان نے اپنے ہم منصب کو اضافی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی تصدیق کے لئے ’عمل‘ میں وقت لگ رہا تھا۔
37 ماہ کے قرض پروگرام میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے سالانہ فارن ایکسچینج کی ضروریات کے حوالے سے پلان ترتیب دیا ہے، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ہم منصبوں سے تعلقات کی بنا پر جلد توسیع کی امید ہے، جبکہ یقین دہانیوں کے ساتھ اگست کے آخری ہفتے میں وزیر خزانہ آئی ایم ایف بورڈ سے رابطے میں تھے تاکہ ستمبر تک عارضی طور پر نظر ثانی کی جا سکے جبکہ 28 جولائی جو چین سے واپسی پر وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ تینوں دوست ممالک کے ہم منصبوں نے پاکستان کو بیرونی معاشی فرق کے حوالے سے ایک انتہائی مثبت مقام پر پہنچنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے 27 جولائی کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین کے مرکزی بینک کے گورنر پین گونگ شینگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔وزیر خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف سے تجویز کردہ اصلاحات کے ساتھ ساتھ پاور سیکٹر کے قرضوں میں ریلیف پر بات چیت کے لئے جمعرات کو بیجنگ پہنچے۔
سٹیک ہولڈرز مذاکرات کے نتائج کے بارے میں فکر مند ہیں، اگر معاملات ان کی خواہش کے مطابق نہ ہوئے تو غیر ملکی سرمایہ کاری اور شرح مبادلہ کے استحکام کے نتائج پر اثر پڑسکتا ہے۔صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے سینئر بینکر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ چین توانائی کے شعبے کے قرضوں کو ری شیڈول کرنے کی پاکستان کی درخواست کو یکسر مسترد نہیں کرے گا، لیکن حتمی نتائج زیادہ مثبت دکھائی نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ چین ابتدائی طور پر اس معاملے پر بات کرنے سے ہچکچا رہا تھا، جس کی وجہ سے دورہ تاخیر کا شکار ہوا اور اس سے توانائی کے شعبوں کے قرضوں سے متعلق بات چیت پر پاکستان کے ساتھ ان کے اختلاف کا اشارہ ملتا ہے۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version