اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کے دور حکومت میں غیر ملکی مالیاتی اداروں اورمختلف ممالک سے ترقیاتی منصوبوں کیلیے 9 ارب 81 کروڑ 59 لاکھ ڈالرز ملے، جس پر 88 کروڑ 91 لاکھ 60 ہزار ڈالرز سود ادا کیا گیا۔
نجی ٹی وی” ایکسپریس نیوز” کے مطابق 5 برسوں میں ملنے والی رقم کی تفصیلات کی مطابق ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے 13 ارب 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالرز ملے جس پر 18 کروڑ 17 لاکھ 60 ہزار ڈالرز شرح سود ادا کیا گیا۔
اسی طرح چین سے 2 ارب 55 کروڑ ڈالرز کیلیے 34 کروڑ 84 لاکھ 7 ہزار ڈالرز سود کی ادائیگی کی گئی، جرمنی نے ترقیاتی منصوبوں کیلیے 1 کروڑ ڈالر دیا جس پر 3 لاکھ 70 ہزار ڈالرز سود ادا کیا گیا جبکہ فرانس نے 23 کروڑ 17 لاکھ دیئے جس پر 24 لاکھ 30 ہزار ڈالرز ادا کیے گئے۔
جاپان 9 کروڑ 74 لاکھ ڈالرز جس پر 98 لاکھ 80 ہزار ڈالرز سود کی ادائیگی کی گئی ۔کوریا سے پاکستان کو 37 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز سعودی عرب سے 4 کروڑ 29 لاکھ ڈالرز ملے جس پر 75 لاکھ 70 ہزارڈالرز سود ادا کیا گیا۔