اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا معاملہ،سمز بلاک کرنے پر ایف بی آر اور پی ٹی اے میں ٹھن گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے 5 لاکھ سے زائد سمز بلاک کرنے کی مخالفت کردی اور موقف اپنایا ہے کہ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا عمل ہمارے نظام سے مطابقت نہیں رکھتا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ اردو کرانیکل نے پی ٹی اے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بڑی تعداد میں خواتین، مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرتی ہیں،نان فائلرز کو نئی سمز کے اجراء پر کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی۔پی ٹی اے ذرائع نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں آنے والوں کی سمز بحال کرنے کا کیا طریقہ کار ہوگا؟قانونی طور پر پی ٹی اے سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں۔سمز بلاک کرنے سے ڈیجیٹلائزیشن کو نقصان پہنچے گا،بڑی تعداد میں سمز بلاک کرنے سے ٹیلی کام معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سمز بلاک کرنے کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا جائے گا،فائلرز کی سمز کی بحالی کیلئے بھی طریقہ کار طے کیا جائے گا۔سمز بلاک کرنے سے نان فائلرز کی حوصلہ شکنی ہوگی۔پی ٹی اے ذرائع نے کہا کہ سمز بلاک کرنے کے علاوہ دیگر قانونی آپشنز پر غور کیا جائے۔