لاہور ( آغا اقرار سے ) معیشت پہلے ہی وینٹی لیٹر پر ہے اوپر سے حکومت نے رات8 بجے مارکیٹس بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔صدر لاہور کار ڈیلر ایسوسی ایشن شہزادہ سلیم نے کہا ہےکہ پہلے ہی آن لائن ویب سائٹ سے تاجروں کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر حافظ سجاد نے کہا حکومت کو ڈیوٹی ختم کر کے ہائبریڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کو پروموٹ کرنا چاہیے ۔
تفصیلات کے مطابق سموگ کے تدارک کے لیے مارکیٹوں کو رات 8بجے بند اور ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر 100 فیصد ڈیوٹی بڑھانے کے خلاف آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کی ۔صدر لاہور کار ڈیلرز ایسوسی ایشن شہزادہ سلیم نے کہا کہ ایک آن لائن ویب سائٹ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو گیا ہے حکومت کا 8بجے مارکیٹس کو بند کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے۔ کاروباری حالات اس وقت بالکل وینٹی لیٹر پرگئے ہوئے ہیں مارکیٹوں میں ہو کا عالم ہے جو شام کو تھوڑی بہت خریداری ہوتی تھی وہ 8بجے مارکیٹیں بند کرنے کا کہہ کے حکومت نے اس پہ بالکل سٹیمپ لگا دی ہے اور اس کی ایک وجہ اور بھی ہے جو ویب سائٹس بنی ہوئی ہیں مختلف قسم کی انہوں نے دو نمبر طریقے سے گاڑیاں بیچ کر کار شوروم والوں کے کام کو بہت متاثر کیا ۔
ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر حافظ سجاد نے کہا سموگ کی بڑی وجہ دھواں چھوڑتی گاڑیاں ہیں، حکومت نے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کو پروموٹ کرنے کے بجائے ان پر 100 فیصد ڈیوٹی بڑھا دی ہے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں پر ڈیوٹی ختم کر کے پروموٹ کیا جائے تو سموگ میں واضح کمی آئے گی۔
حافظ سجاد کا مزید کہنا تھا کہ ایک ویب سائیٹ والے آن لائن ایکسیڈنٹل گاڑیوں کو ایک نمبر کہہ کر بیچ رہے ہیں ہم سارے کارڈیلر اس بات پر اپنی لیڈرشپ کی قیادت میں متفق اور متحد ہیں کہ ہم اس ویب سائٹ کو پورے پاکستان کے اندر بائیکاٹ کرنے جا رہے ہیں، ویب سائٹ اپنی گاڑیوں کو ٹھیک بتا کر فروخت کر کے لوگوں سے فراڈ کر رہی ہے صارفین کی جانب سے فراڈ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ان کے خلاف ایف آئی اے سے رجوع کریں گے۔ لاہور کے کارڈ ڈیلرز اور پورے پاکستان کے کار ڈیلرز اس بات پر متفق ہیں کہ ہم انشاءاللہ ان کی یہ چوریاں پورے میڈیا میں لے کر آئیں گے اور ایف آئی اے کے اندر سائبر کرائم کے اندر اہم درخواست دینے لگے ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر ہوگی۔
تاجر برادری نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سموگ کے باعث کاروبار پر پابندی لگانے کے بجائے ماحول دوست گاڑیوں کو پروموٹ کریں۔