(ویب ڈیسک) لاہور جنرل ہسپتال کے ڈائیلسز سینٹر میں سال2024ءکے دوران 18ہزار سے زائد مریضوں کے مفت ڈائیلسزکیے گئے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج،پی جی ایم آئی اورلاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ڈائیلسز سینٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈائیلسز سینٹر میں 30مشینوں پر 24/7مریضوں کو ڈائیلسز کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہے،ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کےلئے علیحدہ علیحدہ مشینیں مختص ہیں،ہال سمیت آنے جانے کےلئے علیحدہ راستے بھی ہیں تاکہ اس موذی مرض سے دیگر مریض متاثر نہ ہوں۔
پروفیسر الفرید ظفرنے ڈائیلسز سینٹر میں تعینات ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں،سکریننگ کے سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ڈائیلسز کرانے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے اے ایم ایس ویجیلنس ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فضیلت لال اور ایم ایس ڈی ایس کے ارکان کو بھی ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے تمام شعبوں بالخصوص ڈائیلسز سینٹر کا روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی جائزہ لے کر ایم ایس کو رپورٹ جمع کرائیں،ایم ایس ڈائیلسز سینٹر میں تعینات ہیلتھ پروفیشنلز کی صحت کے تحفظ کے لئے ہر چھ ماہ بعد اُن کی مکمل سکریننگ کا شیڈول بنائیں تاکہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں اُن کی صحت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں،ہمیں موجودہ تقاضوں کے مطابق اپنی خدمات کو جدید سے جدید تر بنانا ہے اور ہمیں احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:تاریخ کا انوکھا واقعہ: مریض کا کینسر دوران علاج ڈاکٹر کو منتقل
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریادحسین، پروفیسر آف یورالوجی پروفیسرخضر حیات گوندل،پروفیسر آف نیفرالوجی ڈاکٹر عباد الرحمان،ڈاکٹر یحییٰ سلطان،ڈاکٹر اطہر حمید، ڈاکٹر یاسرحسین، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹندنٹ فضیلت لال، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر عبدالعزیزاور دیگر ہیلھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔