لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ چودہ ہزار سکولوں کو آوٹ سورس کر رہے ہیں۔ پبلک سکولز ری آرگنائزنگ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں تقریباً 50ہزار سکول ہیں، جو خواب دیکھا تھا آج اس کا آغاز ہو گیا ہے، وزیر تعلیم اور ان کی پوری ٹیم کوشاباش دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں دفتر میں بیٹھ کرفیصلے نہیں کرتی، عوام میں جا کر ان سے بات چیت کرکے اقدامات کرتی ہوں، سکولوں میں تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، کوشش ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سکولوں کے مسئلے کا حل صرف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہے، پی ٹی آئی دورمیں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ میں1 ارب کی کرپشن کی گئی، اس کرپشن پرتوپی ٹی آئی کے سابق وزیرتعلیم پر کرپشن کا کیس بننا چاہیے، پی ٹی آئی دورمیں کرپشن کے سوا کچھ نہیں ہوا، پی ٹی آئی دور میں سب ٹرانسفر، پوسٹنگ پیسے لیکرہوتی تھی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں شہبازشریف دور کے بعد اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا،پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ پربریفنگ لی تو سن کر اوسان خطا ہوگئے، ہم تعلیم کے معیارکو بہتر کرنے میں کامیاب ہوں گے۔