وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، افراط زر سنگل ڈیجٹ میں ہے۔
وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح سے ملاقات کی، ان میں زیادہ تر سرمایہ کاروں کا تعلق امریکا سے تھا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے وفد کو ملک کی حالیہ میکرو اکنامک پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے دیرینہ چیلنجز پر قابو پانے میں اہم کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا، پاکستان نے تاریخی طور پر دہرے خسارے کا مقابلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے، ملک کو درپیش آبادی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے آگاہی دی۔
وزیر خزانہ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ برآمدات میں اضافے سے مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہیں، بہتر برآمدی کارکردگی سے معیشت بھی بہترین چل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 12ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، افراط زر سنگل ہندسے میں ہے، پالیسی ریٹ درست سمت میں گامزن ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک میں آبادی بڑھنے کی شرح 2 فیصد ہے، فوڈ سیکیورٹی، بچوں کی نشوونما، اسکول سے باہر بچوں کے چیلنجز درپیش ہیں۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف شرائط اور اسٹرکچرل ریفارمز سے متعلق سوالات کے جوابات دیے ساتھ ہی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کے کردار پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات پر عمل درآمد کےلیے آمادگی اور صلاحیت بہت اہم ہے، پالیسی فریم ورک حکومت کی ذمہ داری لیکن نجی شعبے کو قیادت کرنی چاہیے۔