لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) آئندہ 24 گھنٹوں میں کوہ سلیمان رینج اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا سپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور 50 ملی میٹر نارووال 68 سیالکوٹ 55 گجرانوالہ 41 اٹک 37 مری 33 اور حافظ آباد میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈیرہ غازی خان 60 ملی میٹر گجرات 18 اور جہلم منگلا اٹک منڈی بہاوالدین چکوال راولپنڈی کوٹ ادو اور جوہرآباد اور بہاولپور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ 4 ستمبر تک دریائے جہلم اپ سٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب جبکہ دریائے چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
کوہ سلیمان رینج میں بارش کے باعث ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ کھورا رود کوہی سے 39 ہزار کیوسک، وہووا 28 ہزار اور سانگڑ رود کوہی سے 24 ہزار کیوسک کا ریلا گزرا۔ سوری لنڈ رود کوہی سے 51 ہزار، وڈور 14 ہزار اور سخی سرور رود کوہی سے 9 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلے کا گزر ہوا۔ رود کوہیوں سے گزرنے والے سیلابی ریلے قدرتی گزرگاہوں سے دریائے سندھ میں داخل ہو گئے۔ رود کوہیوں میں فی الحال پانی کے بہاؤ کی صورتحال نارمل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہے۔ سیلابی ریلوں کے راستوں میں مقیم شہریوں کو پیشگی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ سیلابی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔