اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مسلم دنیا اب تک لفاظی پر ہی اکتفا کر رہی ہے، کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، فلسطین اپنی جنگ صرف خود ہی لڑ رہا ہے، اگر مسلم دنیا صرف2 روز کے لیے تیل بند کر دے امریکہ اور اسرائیل گھٹنے ٹیک دیں گے ۔ او آئی سی اور عرب لیگ کس مرض کی دوا ہیں؟ جمعے کو ملک بھر میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مظاہرے کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا سانحہ بہت بڑا ہے وہ بہت بڑی شخصیت تھے۔ اسماعیل ہنیہ ایران کی دعوت پر گئے، کیا اسے ایران کی سیکیورٹی فورسز کی ناکامی سمجھا جائے؟ بظاہر اسرائیل نے جنگ کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے۔ اسماعیل ہنیہ مسلسل اسرائیلی قبضے کے خلاف جدوجہد کرتے رہے، ان کے بیٹے، اہلیہ، بیٹی اور ان کے خاندان کے کئی لوگ شہید کیے گئے، امریکہ اور اسرائیل کی کوشش ہوتی ہے چن چن کر مخالفین کو قتل کرائیں۔