پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 82 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدوار کامران بنگش کا انتخابی نشان تبدیل کردیا گیا۔
سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان ریکٹ الاٹ کردیا گیا۔
کامران بنگش نے ہائی کورٹ میں انتخابی نشان وائلن کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے کامران بنگش کو وائلن نشان الاٹ کیا تھا، جس کے خلاف وہ عدالت پہنچ گئے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ انہیں وائلن جبکہ انکے ہم نام امیدوار کامران کو گٹار دیا گیا ہے، دونوں امیدواروں کا نام ایک جیسا ہے اور نشانات میں بھی مماثلت ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ وقت پر درخواست دی لیکن الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان تبدیل نہیں کیا، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی عدالت میں اعتراف کیا کہ انکا کیس درست ہے۔
عدالت نے کامران بنگش کو مخالف امیدوار سے مختلف نشان الاٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔