ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اورکل بروز منگل پہلا روزہ ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہورہا ہے۔
پاکستان میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا، جس کا حتمی اعلان کچھ دیر بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔
چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس پشاور میں جاری ہے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی شروع ہوگئے ہیں۔
لاہور کی زونل کمیٹی کو چاند نظر آنے کی نہ صرف شہادت موصول ہوئی بلکہ اجلاس میں شریک اراکین نے اس کا مشاہدہ بھی کیا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، پشاور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں چاند واضح طور پر دیکھا گیا۔
رمضان المبارک کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔ رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات، سپارکو سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی اجلاس میں موجود ہیں۔